معروف امریکی ’باکسنگ لیجنڈ‘ اور باکسنگ کے سابق ’ہیوی ویٹ چیمپیئن‘ محمد علی انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 74 برس تھی۔
رواں ہفتے سانس کی تکلیف کے باعث انھیں امریکہ کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے ترجمان باب گونیل نے بتایا تھا کہ محمد علی کی حالت بہتر ہے۔
تاہم ہفتہ کو علی الصبح فینکس میں ان کے خاندان کی طرف سے جاری بیان میں محمد علی کی وفات کی تصدیق کی گئی۔
انھیں بیسویں صدی کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔
1942ء میں کنٹکی میں ایک رنگ
ساز کے گھر پیدا ہونے والے کاسیئس کلے (محمد علی) کے بچپن میں جب پڑوسی بچوں نے ان کی سائیکل چوری کی اور انھیں برا بھلا کہا تو انھوں نے ان لڑکوں کی خوب درگت بنائی۔
بتایا جاتا ہے کہ وہیں سے ان میں چھپے باکسنگ کے ٹیلنٹ کو ایک مقامی ٹرینر نے پہچانا۔
1964ء میں انھوں نے سونی لسٹن کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے لیے کھیلوں کے کالم نگار مائیک وائز کہتے ہیں کہ محمد علی نے اپنے مکوں اور لفظوں سے ہمیشہ اس کھیل پر راج کیا۔